قومی دولت کی واپسی کے لیے چیف جسٹس کا عزم

Posted by Muhammad Musa Soomro Sunday, August 23, 2009

قومی دولت کی واپسی کے لیے چیف جسٹس کا عزم

اتوار اگست 23, 2009 

چیف جسٹس آف پاکستان افتخار محمد چوہدری نے گزشتہ روز ہمیش خان اور حارث سٹیل ملز کیس کے دوران ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ جس کا دل چاہتا ہے سرکاری مال لوٹ کر لے جاتا ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ قوم کا پیسہ واپس آنا چاہیے۔ افتخار محمد چوہدری کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگر کسی ادارے کے لوگ کرپشن میں ملوث نہ ہوں، تو بدعنوانی کا سوال بھی پیدا نہیں ہوتا۔ چیف جسٹس نے اس عزم کا ایک مرتبہ پھر اعادہ کیا کہ قوم کا پیسہ کسی کو لوٹنے کی اجازت نہیں دیںگے۔
اس بات میں کوئی شبہ نہیں کہ پاکستان میں کرپشن کا ناسور اس طرح پھیلا ہوا ہے کہ اس کے علاج کے لیے اعلیٰ عدلیہ سمیت ہر سطح پر انفرادی طور پر جب تک کاوشیں نہیں کی جائیں گی اس کا علاج ممکن نہیں ہے۔ عدلیہ کی بحالی کے بعد اعلیٰ عدلیہ نے جو کام خود احتسابی سے شروع کیا تھا اس کی افادیت آہستہ آہستہ کھلنا شروع ہوگئی ہے۔ پاکستان میں کئی ایسے بڑے مگرمچھ موجود ہیں جو کرپشن اور قرضوں کی مد میں قوم کی دولت کو غریب کی عزت کی طرح لوٹ کریا تو ملک سے فرار ہوگئے ہیں یا پھر طبقہ اشرافیہ کی اس قطار میں جاپہنچے ہیں، جہاں سے ملک پر حکمرانی شروع ہوتی ہے۔ اعلیٰ عدلیہ نے جس عزم وہمت کے ساتھ ایسے عناصر کی نشاندہی شروع کرکے ان کے پیٹ سے یہ دولت نکالنے کا عمل شروع کررکھا ہے، اس سے عام آدمی خاصی تقویت محسوس کررہا ہے۔ حارث سٹیل ملز اور ہمیش خان کیسز میں ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے عدلیہ کا وزارت خارجہ کو انٹرپول کے ذریعے ہدایت دینا اس امر کی روشن دلیل ہے کہ اب اعلیٰ عدلیہ نے ملک کا بیڑا غرق کرنے والوں کو دنیا میں کہیں سے بھی واپس بلاکر نشان عبرت بنانے کا عزم کررکھا ہے۔کرپشن کا یہ عفریت اسی صورت پاکستان سے ختم ہو سکتا ہے کہ اس کے لیے من حیث القوم کام کیا جائے۔یہ ہماری قومی ذمہ داری ہے کہ اس کے لیے تگ و دو کریں۔ اس حوالے سے حکومت پاکستان کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والوں کی گرفتاری کے لیے عدلیہ کے احکامات پر جلدازجلد عملدرآمد کی سبیل کرے تاکہ اعلیٰ عدلیہ کے فیصلے بولیں اور آئندہ کے لیے اس ملک کا استحصال کرنے والے کسی بھی بدعنوانی سے قبل ہزار مرتبہ سوچیں امید رکھنی چاہیے کہ انصاف کا یہ تسلسل اسی طرح شادمانی سے جاری رہے گا۔

0 comments

Post a Comment

Followers

Video Post