عوام کو فوری اور سستے انصاف کی فراہمی کیلئے تمام تر توانائیاںصرف کی جائینگی،سپریم کورٹ

اتوار اگست 23, 2009 


اسلام آباد (جنرل رپورٹر+ نیوزایجنسیاں ) سپریم کورٹ نے فیصلہ کیا ہے کہ لوگوں کو فوری اور سستے انصاف کی فراہمی کیلئے تمام تر توانائیاں صرف کی جائیں گی لوگوں کی مشکلات کو کم کرنے کیلئے ضمانت ، خاندانی معاملات اور ملازمتوں سے متعلق مقدمات کو جلد نمٹایا جائے گا یہ فیصلہ گزشتہ روز کراچی میں ہونے والے اجلاس میں کیاگیا ۔ گزشتہ روز چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں سپریم کورٹ کراچی رجسٹری کی بلڈنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں چیئرمین کمیٹی جسٹس غلام ربانی ، جسٹس انور ظہیر جمالی اور صوبائی سیکرٹری برائے ورکس اینڈ کمیونیکیشن نے شرکت کی اجلاس میں کمیٹی کے اراکین نے اسلام آباد اور کراچی میں سپریم کورٹ کی زیر تعمیر عمارتوں کے کام کا جائزہ لیاگیا ۔ سیکرٹری ورکس نے کمیٹی کو تعمیرات کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی ۔ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے جاری تعمیراتی کام کا جائزہ بھی لیا اور تعمیراتی کام کو وقت پر مکمل کرنے کیلئے ہدایات دیں ۔ اس موقع پر چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں ایک اور اجلاس ہوا جس میں جسٹس سردار محمد رضا خان ، جسٹس غلام ربانی ، جسٹس انور ظہیر جمالی اور چیف جسٹس ہائی کورٹ سرمد جلال عثمانی نے شرکت کی ۔ اجلاس میں مشترکہ طور پر قرار داد منظور کی گئی کہ زیر التواء مقدمات کی تعداد کو غیر ضروری التواء کی حوصلہ شکنی اور مقدمات کو نمٹانے کی رفتار بڑھا کر کم کیاجا سکتا ہے ۔اس بات پر اتفاق کیا گیا ہے کہ لوگوں کو فوری اور سستے انصاف کی فراہمی کیلئے تمام تر توانائیاں صرف کی جائیں گی ۔ اس سے قبل چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد سندھ ہائی کورٹ میں ججز کی تقرری کے حوالے سے سندھ ہائی کورٹ کے ججز اور وکلاء سے مشاورت کا عمل مکمل کرلیا ،آئندہ چند روز میں سندھ ہائی کورٹ میں نئے ججز کو تعینات کئے جانے کا امکان ہے،سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد سندھ ہائی کورٹ میں اس وقت 38میں سے صرف15ججز کام کررہے ہیں ۔

0 comments

Post a Comment

Followers

Video Post