ہیلی کاپٹر ریفرنس : نواز شریف کی اپیل سماعت کیلئے منظور ‘ہائیکورٹ نے حتمی نوٹس جاری کردیئے
جمعرات جون 4, 2009

راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک، اے پی پی ) لاہور ہائی کورٹ کے راولپنڈی بینچ نے ہیلی کاپٹر ریفرنس میں سزا کے خلاف سابق وزیراعظم نواز شریف کی اپیل سماعت کیلئے منظور کر لی ہے اور قومی احتساب بیورو (نیب )کو جواب داخل کرنے کیلئے حتمی نوٹس جاری کردئے۔ بدھ کو مسٹر جسٹس طارق شمیم اور مسٹر جسٹس ملک سعید اعجاز پر مشتمل ڈویژنل بنچ نے سماعت کا باقاعدہ آغاز کیا ۔نوازشریف کے وکیل خواجہ حارث اور نیب کی جانب سے مرزا ادریس ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔ اپیل میں استدعا کی گئی کہ احتساب عدالت اٹک قلعہ میں نواز شریف کو ہیلی کاپٹر ریفرنس میں چار جولائی دو ہزار کو دی گئی چودہ سال قید، دو کروڑ روپے جرمانہ اور اکیس سال کی نااہلی کی سزا کالعدم قرار دی جائے۔ عدالت میں سزا کے خلاف اپیل کی مدت میعاد میں ریلیف کے حوالے سے بھی درخواست دائر کی گئی تھی جس میں کہا گیا ہے اس فیصلے کے فوری بعد نواز شریف اور ان کے اہل خانہ کو جلا وطن کر دیا گیا تھا لہذا انہیں اپیل کرنے میں ریلیف فراہم کیا جائے۔ عدالت نے دونوں درخواستیں یکجا کر کے انہیں سماعت کیلئے منظور کر لیا ۔

0 comments

Post a Comment

Followers

Video Post